پوکھرن کے دورہ کے بعد راج ناتھ سنگھ کا ٹوئیٹ ۔ اٹل بہاری واجپائی کو خراج عقیدت
جئے پور / نئی دہلی 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان نیوکلئیر اسلحہ کے پہلے عدم استعمال کے اپنے عہد پر اب بھی پوری طرح کاربند ہے تاہم انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کیا ہوتا ہے وہ سب کچھ حالات پر منحصر ہے ۔ وزیر دفاع نے پوکھرن کا دورہ کرنے کے بعد اپنے ٹوئیٹر پر یہ بات کہی ۔ پوکھرن میں ہندوستان نے 1998 میں اپنا نیوکلئیر تجربہ کیا تھا جب اٹل بہاری واجپائی ملک کے وزیر اعظم تھے ۔ آج اٹل بہاری واجپائی کی پہلی برسی تھی ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پوکھرن وہ مقام ہے جہاں اٹل بہاری واجپائی نے اپنے عزم مصمم کے ذریعہ ہندوستان کو نیوکلئیر طاقت بنایا تھا اور ہندوستان اب بھی نیوکلئیر اسلحہ کے پہلے عدم استعمال کے عہد پر پابند ہے ۔ تاہم مستقبل میں کیا ہوگا اس کا انحصار اس وقت پیش آنے والے حالات پر ہے ۔ وہ اٹل بہاری واجپائی کو ان کی پہلی برسی پر خراج پیش کرنے کیلئے پوکھرن گئے تھے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ہندوستان کا ایک ذمہ دار نیوکلئیر قوم بننا ملک کے ہر ایک شہری کیلئے فخر کی بات ہے ۔ قوم ہمیشہ اٹل بہاری واجپائی کے اس کارنامہ کی مقروض رہے گی ۔ قبل ازیں راج ناتھ سنگھ نے جیسلمیر میں پانچویں انٹرنیشنل آرمی اسٹاوٹس ماسٹرس مقابلوں کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی ۔ واضح رہے کہ راج ناتھ سنگھ نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے ہیں جب ہندوستان و پاکستان کے مابین کشیدگی چل رہی ہے کیونکہ ہندوستان نے جموںو کشمیر کو خصوصی موقف کو برخواست کردیا ہے ۔