مسافرین میں 13نیپالی، 4 ہندوستانی اور 2جرمن شہری شامل
کھٹمنڈو: نیپال میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ مل گیا جس میں سے 21 افراد کی نعشیں بھی دستیاب ہوگئی ہیں۔ میڈیا کے مطابق نیپال کی سرچنگ ٹیموں اور ریسکیو حکام نے اتوار کے روز لاپتہ ہونے والے طیارے کے ملبے کے مقام کی نشاندہی کی تھی جہاں ایک پہاڑ پر طیارے کا ملبہ موجود تھا۔فوجی عہدیدار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس مقام کی تصاویر جاری کیں جہاں جہاز کا ملبہ موجود ہے جس سے ظاہر ہوتا ہیکہ جہاز پہاڑ پر گر کر تباہ ہوا جبکہ جہاز کے پروں پر سبز رنگ سے لکھا اس کا نمبر 9NAET نظر آرہا ہے۔ فوج عہدیدار بریگیڈیئر ناراین سلوال نے کہا کہ جہاز ضلع موستانگ کے پہاڑی علاقے جوم سوم میں تباہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی پولیس اور دیگر افراد پہلے ہی اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ دیگر ریسکیو اور تحقیقاتی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر ہیں۔مقامی خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کے مقام سے 21 مسافروں کی نعشیں ملی ہیں۔ واضح رہیکہ سینٹرل نیپال سے اڑان بھرنے والے اس نجی طیارے میں 22 مسافر سوار تھے جس نے صبح 10 بجے کے قریب اپنی پرواز شروع کی اور کچھ دیر بعد لاپتہ ہوگیا، طیارے میں 19 مسافر اور عملے کے 3 ارکان سمیت 22 افراد سوار تھے۔ نیپال کے تارا ایئرلائن کے طیارے کے حادثے کی جگہ سے پیر کو 21نعشیں برآمد کی گئیں۔ یہ طیارہ اتوار کو 22افراد کے ساتھ لاپتہ ہو گیا تھا جن میں چار ہندوستانی بھی شامل تھے ۔تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹویٹ کیا کہ نعشوںکی شناخت ہونی باقی ہے ۔کھٹمنڈو پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق نیپالی فوج نے کہا کہ طیارہ کے لاپتہ ہونے کے تقریباً 20 گھنٹے بعد طیارے کا ملبہ ملک کے شمال مغربی حصے مستانگ ضلع تھاسانگ سانو سورے بھیر میں 14500فٹ کی بلندی پر ملا۔ اس سے قبل پیر کو فوج کے ترجمان نارائن سلوال نے ٹویٹ کیاکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے طیارے کے حادثے کی جگہ کا پتہ لگا لیا ہے ۔ نیپالی میڈیا کے مطابق جس جگہ طیارہ سطح سے ٹکرایا اس کے 100میٹر کے اندر نعشیں بکھری ہوئی تھیں۔تارا ایئر کے ترجمان سدرشن برتولا نے کھٹمنڈو پوسٹ کو بتایا کہ طیارہ پہاڑ سے ٹکرانے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔ مستانگ ضلع کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر نیتر پرساد شرما نے کہا کہ جائے حادثہ کا پتہ مقامی لوگوں کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی مدد سے لگایا گیا ہے ، جو یارشگمبا (کیٹرپلر کوک) کو جمع کرنے کے لئے علاقے میں پہنچے تھے ۔ اتوار کو موسم کی خرابی کے باعث سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکی تھی۔ فوج نے اتوار کی شام کہا تھا کہ اندھیرے اور خراب موسم کی وجہ سے تلاش اور بچاؤ کی تمام کوششیں روک دی گئی ہیں۔ فضائی اور زمینی تلاشی کا عمل پیر کی صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔خیال رہے کہ تارا ایئر کے طیارہ نے اتوار کی صبح پوکھرا سے 19مسافروں اور عملہ کے تین ارکان کے ساتھ پرواز کی تھی۔ ایئر لائنز کے مطابق مسافروں میں 13نیپالی، 4 ہندوستانی اور 2جرمن شہری شامل تھے ۔