ورلڈ کپ کوالیفائر کااعلان

   

دبئی، 5اگست (یو این آئی) 2027 آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کوالیفائر آئندہ سال 22فروری سے23 مارچ تک کھیلا جائے گا، تاہم ٹورنمنٹ کے میزبان ملک کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے ۔آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے مطابق 10ٹیموں پر مشتمل کوالیفائر کی فاتح ٹیم براہ راست 14 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ بنائے گی، جبکہ دوسرے ، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں سپر سیریز میں حصہ لیں گی، جہاں سے صرف ایک ٹیم مرکزی 12 ٹیموں کے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ورلڈ کپ 4 اکتوبر سے 11نومبر2027 تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 مقامات پر کھیلا جائے گا۔کوالیفائر میں آئی سی سی ون ڈے درجہ بندی میں 30 ستمبر 2026تک میزبان ممالک کے علاوہ دو سب سے کم درجہ بندی والی مکمل رکن ٹیمیں، ورلڈ کپ لیگ 2 کی چار سرفہرست ٹیمیں اور ورلڈ کپ کوالیفائر پلے آف سے کوالیفائی کرنے والی چار ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ویسٹ انڈیز اس وقت درجہ بندی میں دسویں نمبر پر ہے۔