ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں نیا موڑ

   

ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران سنسنی خیز انکشاف
حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران قتل معاملہ نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ قتل معاملہ کے ملزم بھاسکر ریڈی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آنجہانی ویویکانند ریڈی نے سنیل یادو کی والدہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔ بھاسکر ریڈی نے ملزم دستگیری کو گواہ معافی یافتہ بنائے جانے کے خلاف درخواست دائر کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ویویکانند ریڈی نے سنیل یادو کی ماں کو ہراساں کیا تھا جس پر بدلہ لینے کیلئے سنیل یادو نے ویویکانند ریڈی پر حملہ کرکے قتل کردیا۔ اس مقدمہ میں ایس پی رام سنگھ کے رویہ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ سماعت کے دوران تحقیقات کرنے والی سی بی آئی کی خصوصی ٹیم کی تفصیلات درخواست گذار کے وکیل نے عدالت میں پیش کی۔ رکن پارلیمنٹ کڑپہ اویناش ریڈی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اس معاملہ میں سی بی آئی پوچھ تاچھ سے متعلق آڈیو اور ویڈیو ریکارڈ ہائی کورٹ میں پیش کرنے کی درخواست کی۔ سی بی آئی نے رکن پارلیمنٹ سے حیدرآباد میں پوچھ تاچھ کی تھی۔ ہائی کورٹ نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت جمعرات کو مقرر کی ہے۔ر