ٹرمپ کا دہشت گرد کی گرفتاری پر پاکستان سے اظہارِ تشکر

   

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ پھر سے میدان میں آ گیا ہے، ہم نے ڈیڑھ ماہ میں جتنا کام کیا، اتنا دیگر نے 4 سال میں کیا۔صدر ڈونالڈٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کانگریس سے پہلا خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔صدر ٹرمپ کے خطاب کے دوران ڈیموکریٹک رکنِ کانگریس آل گرین کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا جس پر انہیں کانگریس سے نکال دیا گیا۔ اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹ کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کیلئے کچھ نہیں کر سکتا، ڈیموکریٹ میرے لیے کھڑے نہیں ہوں گے، ایسا ہونا نہیں چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تو کام شروع ہی کیا ہے، معیشت کی بحالی میری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، جوبائیڈن نے انڈوں تک کی قیمت لوگوں کی قوتِ خرید سے باہر کردی تھی۔مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ افغانستان میں دہشت گری کا بڑا ذمے دار پکڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکیوں کو ہلاک کرنے والا اس وقت امریکہ لایا جا رہا ہے، اسے لایا جا رہا ہے تاکہ وہ امریکہ میں قانون کا سامنا کرے، اس دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد پر حکومتِ پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔صدر ڈونالڈٹرمپ کے کانگریس میں خطاب کے دوران کئی ڈیموکریٹک اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر لفظ ’جھوٹا‘ لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری قیادت میں امریکہ ناقابلِ تسخیر ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی کی، پاور پلانٹ کھول رہے ہیں، میں نے نیشنل انرجی ایمرجنسی نافذ کی۔انہوں نے کہا کہ شرحِ سود میں کمی لائی گئی، بجٹ میں توازن لائیں گے، 5 ملین ڈالرز سے گولڈ کارڈ جاری کریں گے جو گرین کارڈ سے بہتر ہو گا، ہم اپنا قرض گولڈ کارڈ لینے والوں کی رقم سے اُتاریں گے، تبدیلی کی راہ میں حائل بیوروکریٹس کو نکال دیں گے، 6 ہفتوں کے دوران تقریباً 100 کے قریب ایگزیکٹیو آرڈرز پر دستخط کیے ہیں، امداد کے طور پر دیا پیسہ واپس لا کر مہنگائی کم کرنے کیلئے استعمال کریں گے۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ 2 اپریل سے جو ملک امریکہ پر ٹیکس لگائے گا، ہم اس پر جوابی ٹیکس لگائیں گے، کینیڈا کو سبسڈی دیتے ہیں، اب ایسا نہیں ہوگا، نئی تجارتی پالیسی سے کسانوں کو فائدہ ہو گا، کوئی مقابلہ نہیں کرسکے گا، 4 سال میں 21 ملین افراد امریکہ آئے، بائیڈن کی اوپن بارڈر پالیسی تھی، ہم غیرقانونی امیگرینٹس کو نکالیں گے، غیر قانونی امیگرینٹس کے خلاف امریکی تاریخ کا سخت ترین کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔