کلکٹرس اور ایس پیز کے ساتھ ٹیلی کانفرنس، امتحانی مراکز میں سیل فون پر امتناع
حیدرآباد۔/21 فبروری، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے انٹر میڈیٹ اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کیلئے ضلعی کلکٹرس اور ایس پیز کے علاوہ متعلقہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے امتحانات کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ جاریہ ماہ 28 فبروری تا 10 مارچ انٹر فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے امتحانات منعقد ہوں گے تقریباً 9.80 لاکھ طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے جن کیلئے ریاست بھر میں 1521 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کسی بھی ملازم کو امتحانی مرکز میں سیل فون لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ امتحانی مراکز میں سیل فون پر امتناع عائد کردیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے عہدیدارو ں کو ہدایت دی کہ پرچہ سوالات اسٹرانگ رومس اور پرچوں کے گنتی مراکز کو منتقل کرتے وقت سخت حفاظتی انتظامات کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پرچوں کے افشاء کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ اس کا حوالہ دیتے ہوئے صاف و شفاف انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ شانتی کماری نے کہا کہ 18 مارچ سے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگا جو 2 اپریل تک جاری رہیں گے جس میں 5.8 لاکھ طلبہ شرکت کریں گے جن کیلئے ریاست بھر میں 2676 امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ امتحانات تحریر کرنے والے طلبہ کو آر ٹی سی بسوں کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈی جی پی روی گپتا نے بھی ٹیلی کانفرنس میں حصہ لیا۔ انٹر اور دسویں جماعت کے امتحانات میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس کے لئے سخت بندوبست کے انتظامات کرنے کی ایس پیز کو ہدایت دی۔ امتحانی مراکز کے پاس ریلیف کیمپس کا انعقاد کرنے آشا ورکرس اور اے این ایمز کی خدمات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔2