چینچو قبائلی برادری کیلئے آدھار رجسٹریشن کی رفتار تیز کی جائے

   

ناگرکرنول میں 15 اگست تک رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں: ضلع کلکٹر

ناگرکرنول۔7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ناگرکرنول کے کلکٹریٹ میں واقع ویڈیو کانفرنس ہال میں جمعرات کے روز ضلع کلکٹر ہیمنت کیشو پاٹل نے آئی ٹی ڈی اے، محکمہ جنگلات، قبائلی بہبود، ریونیو، تعلیم اور محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ کلکٹر نے کہا کہ نلّمالہ جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے چینچو قبائلی خاندانوں کو سرکاری فلاحی اسکیموں سے مکمل فائدہ پہنچانے کے لیے ہر فرد کے پاس آدھار کارڈ ہونا ضروری ہے۔ خاص طور پر بچوں کے آدھار رجسٹریشن کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں آئی ٹی ڈی اے کے خصوصی سروے میں معلوم ہوا کہ اچم پیٹ حلقہ کے پانچ منڈلوں میں 760 چینچو قبائلی بچوں کے پاس آدھار کارڈ موجود نہیں ہے۔ اس لیے ان کے لیے فوری طور پر خصوصی منصوبہ بندی کے تحت رجسٹریشن مکمل کیا جائے۔ کلکٹر نے ریونیو محکمہ کو ہدایت دی کہ پیدائش کے سرٹیفکیٹ، رہائشی سرٹیفکیٹ اور خاندانی تفصیلات جیسے ضروری دستاویزات کے اجرا میں خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ محکمہ صحت پیدائش کے اندراج کی معلومات فراہم کرے جبکہ محکمہ تعلیم اسکولی طلبہ کا ریکارڈ مہیا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی علاقوں میں جن چینچو خاندانوں کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہیں، انہیں پہلے رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں، اس کے بعد آدھار رجسٹریشن مکمل کیا جائے۔ کلکٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ 15 اگست تک رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے اور خصوصی موبائل آدھار کٹس کے ذریعہ ایجنسی علاقوں میں رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر دیوا سہایم، ڈی ٹی ڈی او سری کوٹاجی، ڈی آر ڈی او چِنّا اوبولیسو، ڈی ای او رمیش کمار، ڈی پی او، ای ڈی ایم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔