فارما انڈسٹری میں سرمایہ کاری پر بات چیت، مختلف اداروں کے معائنہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔20۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے سوئزرلینڈ میں ہندوستانی سفیر مورودل کمار سے ملاقات کی اور آندھراپردیش میں فارما انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے لئے سوئزرلینڈ کے اداروں کو ترغیب دینے کی اپیل کی۔ ورلڈاکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ڈاؤس پہنچنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو اور ان کے وفد کے ارکان نے ہندوستانی سفیر سے ملاقات کی۔ سوئزرلینڈ میں فارما انڈسٹری ایک بلین ڈالر سے زائد کی ہے۔ سرکرہ فارما کمپنیوں کی آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے آندھراپردیش حکومت نے ہندوستانی سفیر سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش نے ہندوستانی سفیر کو آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سوئزرلینڈ میں انفارمیشن ٹکنالوجی ، انجنیئرنگ ، فارما سیوٹیکلس اور پیرا میڈیکل شعبہ جات میں 27300 ہندوستانی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول ہے ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے حال ہی میں سرمایہ کاری کی مواقف پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستانی سفیر کو سرمایہ کاری سے متعلق شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ۔ آندھراپردیش میں اسکل یونیورسٹی اور آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے اقدامات سے واقف کرایا گیا۔ آندھراپردیش کا وفد ڈاؤس میں مختلف یونیورسٹیز کا دورہ کرے گا۔ ہندوستانی سفیر میں بتایا کہ 350 سے زائد سوئزرلینڈ کی کمپنیوں نے ہندوستان میں اپنے یونٹس قائم ہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو اور ریاستی وزیر ٹی جی بھرت موجود تھے۔1