ڈاکٹر ملوروی نے نئی دہلی میں تلنگانہ کے نمائندہ کی ذمہ داری سنبھال لی

   

حیدرآباد۔/28 جنوری، ( سیاست نیوز) ڈاکٹر ملوروی نے آج نئی دہلی میں تلنگانہ حکومت کے نمائندہ کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب میں پارٹی کارکنوں اور قائدین کی موجودگی میں ملوروی نے نئی ذمہ داری سنبھال لی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ونپرتی ٹی میگھا ریڈی، رکن اسمبلی جڑچرلہ انیرودھ ریڈی، رکن اسمبلی اچم پیٹ ڈاکٹر ومشی کرشنا، رکن کونسل کے دامودر ریڈی، سینئر کانگریس قائد مدھو یاشکی گوڑ اور دوسروں نے ڈاکٹر ملوروی کو مبارکباد پیش کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ملو روی نے نئی دہلی میں تلنگانہ کا خصوصی نمائندہ مقرر کرنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں چار برس تک خصوصی نمائندہ کے طور پر ڈاکٹر ملوروی خدمات کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ریاست کو درپیش مسائل پر مرکزی وزراء اور مرکزی حکومت کے عہدیداروں سے نمائندگی کی جائے گی۔ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کے علاوہ دیگر آبپاشی پراجکٹس کیلئے فنڈز کی اجرائی کی نمائندگی کی جائے گی۔ مختلف محکمہ جات میں تلنگانہ کے زیر التواء مسائل پر توجہ دیں گے۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنی حالیہ ملاقات میں جن 15 مسائل پر نمائندگی کی تھی انہیں متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کیا جائے گا۔1