ڈپٹی میئر گریٹر حیدرآباد سری لتا اور ان کے شوہر نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی

   

دیپا داس منشی نے گاندھی بھون میں استقبال کیا، کے سی آر پر تلنگانہ کے شہیدوں کو نظرانداز کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی میئر ایم سری لتا ریڈی اور ان کے شوہر شوبھن ریڈی نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ گاندھی بھون میں اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی نے ان کا کانگریس میں استقبال کیا۔ اس موقع پر حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، رکن کونسل مہیش کمار گوڑ، خیریت آباد کانگریس پارٹی کے صدر روہن ریڈی، کارپوریٹر بابا فصیح الدین، یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ڈپٹی میئر اور ان کے شوہر حامیوں کی کثیر تعداد کے ساتھ جلوس کی شکل میں گاندھی بھون پہنچے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے اس موقع پرکہا کہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے تمام قائدین کو مناسب مقام دیا جائے گا۔ ڈپٹی میئر نے بی آر ایس کیلئے 24 سال تک جدوجہد کی تھی لیکن پارٹی کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قیادت نے شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کو فراموش کردیا ہے۔ کانگریس حکومت عوام کی بھلائی کے مقصد سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کی مساعی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جاریہ ماہ کے اواخر میں مزید 2 ضمانتوں پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی میئر سری لتا نے کہا کہ انہوں نے سال 2000 سے بی آر ایس کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے دباؤ یا عہدہ کیلئے کانگریس میں شامل نہیں ہورہی ہیں۔ بی آر ایس ٹریڈ یونین کے ریاستی صدر ایم شوبھن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے جہد کاروں کو نظرانداز کرنے پر انہوں نے بی آر ایس چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ریونت ریڈی حکومت مجاہدین تلنگانہ کی خواہشات اور امنگوں کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کے استحکام کیلئے وہ کام کریں گی۔1