تلنگانہ بی جے پی قائدین مرکز سے نمائندگی کریں، پرجا پالنا پروگرام سے وزیر مال سرینواس ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت کے نتیجہ میں کالیشورم تحقیقات پر سی بی آئی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی سی بی آئی جانچ کے لئے تلنگانہ حکومت نے مکتوب روانہ کیا۔ 9 ماہ گزرنے کے باوجود سی بی آئی نے کوئی پیشرفت نہیں کی اور وزارت داخلہ کی جانب سے سی بی آئی کو کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے۔ سی بی آئی کی خاموشی اور عدم کارروائی سے بی جے پی اور بی آر ایس میں مفاہمت کا اندازہ ہوتا ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 2 مرکزی وزراء اور بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کو کالیشورم جانچ کے بارے میں اپنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکز سے نمائندگی کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاسی مقصد براری کے تحت مرکزی حکومت کالیشورم کی جانچ سے گریز کررہی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے کالیشورم کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کے سی آر کو جیل بھیجنے کی بات کہی تھی۔ اب جبکہ حکومت نے سی بی آئی کو تحقیقات کے لئے مکتوب روانہ کیا ہے لیکن سی بی آئی نے تاحال کوئی پیشرفت نہیں کی۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی خریدی میں دھاندلیوں کے علاوہ بھدرادری و یادادری پاور پراجکٹ کے قیام میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی جانچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرینواس ریڈی نے پرجا پالنا، پرگتی پرانالیکا پروگرام کے تحت آج ہنمکنڈہ میں مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت نے وعدہ کے مطابق 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات کو معاف کیا اور دھان کی فصل پر فی کنٹل 500 روپئے بونس ادا کیا جارہا ہے۔ رعیتو بھروسہ کے تحت فی ایکر 12000 روپئے کسانوں کو فراہم کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 3 دن تک ریاست بھر میں پرجا پالنا کے تحت کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ تقریب میں وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا، وزیر جنگلات کونڈہ سریکھا، رکن پارلیمنٹ کڈیم کاویا، ارکان اسمبلی کڈیم سری ہری، ایم راجندر ریڈی، پرکاش ریڈی، کے آر ناگراجو، میئر ورنگل جی سدھا رانی اور دوسروں نے شرکت کی۔V/1