کانگریس حکومت خواتین کو لکھ پتی بنانے کوشاں

   

کوسگی میں سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات
حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس حکومت خواتین کو لکھ پتی بنانے کے منصوبہ کے ساتھ کام کررہی ہے اور حکومت کا مقصد خواتین کی ترقی اور ان کو خود مکتفی بنانے کے علاوہ انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کوسگی میں سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت کی جانب سے ان کی مدد کے لئے بلا سودی قرض کے احیاء کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے۔ چیف منسٹر نے اس دوران خواتین سے ان کے مسائل دریافت کئے اور ان کے حل کے لئے ان کے پاس موجود تجاویز کے متعلق بھی آگہی حاصل کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے علاوہ اقامتی اسکولوں کے طلبہ میں تقسیم کئے جانے والے یونیفارمس کی تیاری کے لئے سیلف ہیلپ گروپ کے ساتھ خدمات انجام دے رہی خواتین کی مدد حاصل کی جائے گی تاکہ حکومت کی جانب سے جاری اسکیم سے ان خواتین کو فائدہ حاصل ہوسکے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپ کے ساتھ خدمات انجام دینے والی خواتین کو یونیفارم کی تیاری کی ذمہ داریاں تفویض کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں رپورٹ پیش کریں تاکہ ان خواتین کے روزگار کو مزید وسعت دیتے ہوئے انہیں سرکاری طور پر کام فراہم کیا جاسکے اور ان کی جانب سے تیار کردہ اشیاء کی خود حکومت کی جانب سے خریدی کے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر سیلف ہیلپ گروپس کو اداشدنی رقومات کے چیکس ان کے حوالہ کئے ۔ اس پروگرام کے دوران چیف منسٹر کے ہمراہ اسپیکر اسمبلی مسٹر جی پرساد کمار‘ ریاستی وزراء کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر ڈی سریدھر بابو‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے خواتین سے بات چیت کے دوران خواتین کے لئے مفت بس خدمات سے استفادہ اور اسکیم کے آغاز سے خواتین کو ہونے والے فوائد کے متعلق بھی استفسار کیا جس پر خواتین نے حکومت کی اس اسکیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم سے وہ خود مستفید ہورہی ہیں۔3