کانگر یس حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی

   

ڈبل بیڈروم مکانات کو اندراماں مکانات کے طور پر پیش کیا جارہا ہے ، گنیش گپتا کا الزام
نظام آباد :23؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا نے الزام عائد کیا کہ ریاستی وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے نظام آباد میں 396 ڈبل بیڈروم مکانات کو اندراما مکانات کے طور پر پیش کرتے ہوئے نظام آباد اربن کے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظام آباد اربن میں منظورہ 1500 اندراما مکانات میں سے اب تک صرف 300 مکانات تعمیر ہوئے ہیں، جبکہ آڈیٹوریم میں مستحقین کو الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کرکے وزیر نے اپنی ذمہ داری پوری سمجھ لی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر نے پوچارام سرینواس ریڈی کو ساتھ بٹھا کر سابق حکومت پر مکانات تعمیر نہ کرنے کا الزام عائد کیا، جبکہ بانسواڑہ میں سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے دور حکومت میں 11 ہزار ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کیے گئے تھے۔ گنیش گپتا نے الزام لگایا کہ نظام آباد میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ملی بھگت آشکار ہوگئی ہے، بی جے پی کو احتجاج کا موقع دیا جا رہا ہے جبکہ بی آر ایس کارکنوں کو ہاؤس اریسٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے 22-A اراضی معاملات پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ معاملہ رقم وصول کرنے کے ذریعہ میں تبدیل ہوگیا ہے اور خود چیف منسٹر کی جائیداد بھی 22-A کے دائرے میں آنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے حکومت کے اندر اختلافات کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اور وزراء کے درمیان، وزراء اور ارکان اسمبلی کے درمیان تال میل نہیں ہے۔ انہوں نے وزراء پر 30 اور 12 فیصد کمیشن وصول کرنے کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ عوام وزراء کو ان کے ناموں کے بجائے کمیشن کے نام سے پکارنے لگے ہیں۔ گنیش گپتا نے کہا کہ کانگریس حکومت کے خلاف اقتدار سنبھالنے کے چند ہی ماہ میں عوام میں ناراضی پیدا ہوگئی تھی اور مختلف سروے میں بی آر ایس کی کامیابی کے امکانات ظاہر ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے لیے آئندہ انتخابات میں اپنی موجودہ آٹھ نشستیں برقرار رکھنا بھی مشکل ہوگا۔ گنیش گپتا نے وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی سے نظام آباد کے عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ پریس کانفرنس میں سمیترانند، وینکٹیشور ریڈی، منے گووردھن ریڈی اور بومرا رام مورتی سمیت دیگر بی آر ایس قائدین موجود تھے۔