کنٹینمنٹ زونس میں عوام اور مریضوں کی آزادانہ نقل و حرکت سے خطرہ

   

تحدیدات پر عمل آوری میں عہدیدار ناکام، شہر کے کئی علاقے ہاٹ اسپاٹ میں تبدیل
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے محکمہ صحت اور بلدی نظم و نسق کی جانب سے کئے گئے سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ کنٹیمنٹ زونس میں تحدیدات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 92 کنٹینمنٹ زونس ہیں جہاں کوویڈ قواعد کی صریح خلاف ورزی دیکھی جارہی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے گائیڈ لائنس پر کنٹیمنٹ زونس میں عمل آوری لازمی ہے لیکن عہدیدار قواعد پر عمل آوری میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کنٹینمنٹ زونس میں عام سرگرمیاں معمول کے مطابق ہیں اور کئی مریض خود کو آئسولیشن میں رکھنے کے بجائے کھلے عام گھومتے دکھائی دے رہے ہیں۔ زیادہ تر کنٹینمنٹ زونس ہوم آئسولیشن سے مطابق مریضوں کے ہیں لیکن ان میں جن تحدیدات پر عمل کیا جانا ہے وہ نہیں کی برابر ہے۔ مریضوں کے علاوہ دیگر افراد بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں اور پولیس و بلدی عملہ بے بس دکھائی دے رہا ہے۔ بلدیہ کی جانب سے ایسے علاقوں کی بیریکیٹنگ کے ذریعہ ناکہ بندی کردی گئی لیکن بیشتر علاقوں میں بیریکیٹس کو عوام نے نکال دیا ہے۔ موٹر سیکل و کاریں کھلے عام کنٹیمنٹ زونس میں گھومتی دکھائی دے رہی ہیں۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ سے متصل ایک کنٹیمنٹ زون میں موجود بیریکیٹس کو عوام نے اُکھاڑ پھینکا لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

بنجارہ ہلز اور پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں ایک بھی کنٹیمنٹ زون ایسا نہیں جہاں تحدیدات پر عمل دیکھا جاسکتا ہے۔ ہر کنٹیمنٹ زون کی نگرانی کیلئے پولیس کو تعینات کیا جانا ہے لیکن کہیں بھی ملازمین پولیس دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ بلدی حکام اگرچہ قواعد پر عمل آوری کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کنٹیمنٹ زونس میں عوام کی کھلے عام نقل و حرکت کیسس میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے 92 کنٹیمنٹ زونس میں چارمینار زون کے تحت 31 علاقے ہیں جن میں چندارئن گٹہ اور 9 دیگر علاقے ہاٹ اسپاٹ تصور کئے جاتے ہیں۔ سکندرآباد میں 23 کنٹیمنٹ زونس ہیں جن میں عنبرپیٹ زیادہ پُرخطر مانا جارہا ہے۔ خیریت آباد کے 14 زونس میں مہدی پٹنم کے علاوہ 6 دوسرے ہاٹ اسپاٹ ہیں۔ شیر لنگم پلی کے 10 زونس میں یوسف گوڑہ اور کوکٹ پلی کے تحت موسیٰ پیٹ، قطب اللہ پور، ایل بی نگر کے 5 کنٹیمنٹ زونس میں اوپل اور سرورنگر کورنا کے ہاٹ اسپاٹ تصور کئے جارہے ہیں۔