پارٹی کی ڈیجیٹل رکنیت سازی کیلئے 71 ہزار کارکنوں کو تربیت دینے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 13 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے نئی رکنیت سازی مہم کا اعلان کیا ہے۔ ایراویلی فارم ہاوز میں 6 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس میں کے سی آر نے واضح کیا کہ اب توجہ ارکان کی محض تعداد بڑھانے پر نہیں بلکہ مخلص اور فعال کارکنوں کو ترجیح دینے پر ہوگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی کا پرچم تھامنے والے کارکن ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا۔ ہر پولنگ بوتھ پر 2 تربیت یافتہ کارکن جملہ 71,310 کارکن) ڈیجیٹل اندراج کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ آئندہ دو سے تین دنوں میں منڈل اور میونسپل سطح پر رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ رکنیت سازی مہم کے لئے پارٹی کے سینئر قائدین کو مختلف اضلاع کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ٹی سرینواس یادو (حیدرآباد)، سبیتا اندرا ریڈی (رنگاریڈی۔ وقار آباد)، ٹی رویندر راؤ (کھمم اور کتہ گوڑم)، پلاراجیشور ریڈی (ورنگل۔ ہنمکنڈہ۔ جنگاؤں)، محمد محمود علی (محبوب نگر اور نارائن پیٹ)، آر ایس پراوین کمار (نلگنڈہ۔ سوریہ پیٹ)، جی بالا ملو (میدک۔ سنگاریڈی۔ سدی پیٹ)، ٹی جیون ریڈی (جگتیال۔ سرسلہ۔ کریم نگر اور پداپلی) شامل ہیں۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے رکنیت سازی مہم کو شفاف بنانے کے لئے ارکان اسمبلی اور انچارجس پر مکمل انحصار کرنے کے بجائے براہ راست کوارڈینیٹرس کے ذریعہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پارٹی میں گروپ بندی کا خاتمہ ہوسکے اور نچلی سطح پر پارٹی کی حقیقی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ اس اقدام کا مقصد پارٹی کو نئے سرے سے منظم کرنا اور مستقبل کے چیالنجس کے لئے تیار کرنا ہے۔ اس اجلاس میں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے علاوہ دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 2؍F