احمدآباد:اب گجرات کے اسکولوں میں طلبا کو ’بھگوت گیتا‘ کی تعلیم دی جائے گی۔ یہ اعلان گجرات کے وزیر تعلیم جیتو وگھانی نے کیا ہے اور کہا ہے کہ تعلیمی سال 23-2022 سے ریاست کے اسکولوں میں بھگوت گیتا پڑھائی جائے گی۔ وزیر تعلیم کے مطابق اسکولی تعلیم میں ہندوستانی ثقافت اور معلوماتی نظام کو شامل کرنے کے لیے پہلے مرحلہ میں بھگوت گیتا میں موجود اقدار و اصولوں کو درجہ 6 سے 12 تک پڑھائے جانے کا منصوبہ ہے۔ ان درجات کے درمیان بچوں کے شعور اور دلچسپی کے مطابق تعلیمی مواد کو پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دعائیہ جلسہ میں بھی گیتا کے شلوک کو شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ 6 سے 8 درجہ میں بھگوت گیتا کو نصابی کتابوں میں کہانی اور سبق کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔ درجہ 9ویں سے 12ویں میں بھگوت گیتا کو پہلی زبان کے نصاب میں کہانی اور سبق کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں 6 سے 12 درجہ تک کے لیے اصل لٹریچر/ مطالعہ کے لیے مواد (شائع، آڈیو-ویزوئل) فراہم کیا جائے گا۔ آئندہ تعلیمی سال سے اسے نافذ کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اسکول کے دعائیہ جلسہ میں بھگوت گیتا کے کچھ حصوں کو شامل کیا جانا چاہیے۔