واشنگٹن: صدرامریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کانگریس کے جوائنٹ سیشن سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ جوابی ٹیرف 2 اپریل سے نافذ العمل ہوجائیں گے، اس طرح انہوں نے ٹریڈ پالیسی کے بارے میں اپنے نظم و نسق کے موقف کو پھر ایک بار واضح کیا ہے۔ امریکی صدر نے یوروپین یونین ، چین، برازیل، ہندوستان اور ساوتھ کوریا کو زیادہ ٹیرف عائد کرنے پر تنقید وں کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ وہ جو کچھ ٹیکس ہم پر عائد کرتے ہیں ہم اسی نوعیت کا ٹیکس ان پر عائد کریں گے۔ دیگر ممالک نے ہمارے خلاف کئی دہوں سے ٹیرف کا استعمال کیا ہے اور اب ایسے ممالک کے خلاف ٹیرف کا استعمال کرنے کی ہماری باری ہے۔ اوسطاً یوروپی یونین، چین ، برازیل ، انڈیا ، میکسیکو، کینیڈا اور بے شمار دیگر اقوام نے ہمارے خلاف اونچے اونچے ٹیکس عائد کئے جو نہایت غیرمنصفانہ ہے۔ انڈیا ہم پر 100 فیصد ٹیکس لگاتا ہے۔