نئی دہلی، 22 اگست (آئی اے این ایس) ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں اپنے موقف مضبوط بنانے کے لیے ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں 165 رنزکی شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ پر نظریں مرکوزکرلی ہیں۔ گال میں کامیابی کے صرف چاردن بعد ہندوستانی ٹیم اتوارکو کولمبو میں شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹسٹ میں میدان میں اترے گی، جہاں ایک بار پھر اسپنر کلدیپ یادو کی کارکردگی توجہ کا مرکز ہوگی۔گال میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں کلدیپ یادو توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 25 اوورزکئے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلی اننگزکے ابتدائی اسپیل میں انہوں نے کامندو مینڈس کو آؤٹ کیا تھا، تاہم اس کے بعد وہ اپنی روایتی لائن اور لینتھ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ دوسری اننگز میں بھی انہیں اس وقت گیند سونپی گئی جب دیگر بولرز زیادہ ترکام مکمل کرچکے تھے۔ اس صورتحال کے بعد ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ کے سامنے یہ سوال موجود ہے کہ کلدیپ یادوکو دوسرے ٹسٹ میں برقرار رکھا جائے یا مدھیہ پردیش کے آف اسپنر سارَانش جین کو موقع دیا جائے۔ سارَانش نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 54 میچوں میں 188 وکٹیں حاصل کی ہیں، تاہم کلدیپ کے تجربے اور معیارکو دیکھتے ہوئے ان کے ٹیم سے باہر ہونے کا امکان کم ہے۔ پہلے ٹسٹ میں ہندوستان نے تقریباً تمام شعبوں میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ زخمی سائی سدرشن کی غیر موجودگی میں دیودت پڈیکل نے نمبر تین کی ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہوئے پہلی اننگز میں167 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کے ایل راہول نے بھی پہلی اننگز میں 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ رشبھ پنت نے دوسری اننگز میں جارحانہ انداز اختیارکرتے ہوئے66 رنز بنائے اور ہندوستان کو سری لنکا کے سامنے 372 رنزکا مشکل ہدف رکھنے میں مدد دی۔ نوجوان بائیں ہاتھ کے اسپنر مانَو سْتھار ہندوستان کی کامیابی کے سب سے نمایاں کھلاڑی رہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں4 وکٹیں اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں اپنے نام کیں۔رویندر جڈیجہ نے بھی دونوں اننگز میں عمدہ کنٹرول کے ساتھ بولنگ کی۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دوسری اننگز میں ایک وکٹ ان کے حصے میں آئی۔ پرسدھ کرشنا نے بھی اہم مواقع پر مؤثر بولنگ کرتے ہوئے میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب سری لنکا کو اپنی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کی ناکامی پر افسوس ہوگا۔ میزبان ٹیم کے مڈل آرڈر نے دونوں اننگز میں مزاحمت کی۔ سونال دینوشا، نیروشن ڈکویلا اور دھننجیا ڈی سلوا نے بلے سے امیدیں پیدا کیں، جبکہ بولنگ میں آسیتھا فرنینڈو، کیشرا نوانتھا اور پرباتھ جے سوریا نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔