آئندہ تین یوم تک گرمی کی شدت ، محکمہ موسمیات سے آرینج الرٹ

   

عادل آباد میں 42 ڈگری درجہ حرارت ، دیگر اضلاع بھی گرمی کی لپیٹ میں
حیدرآباد۔27۔مارچ(سیاست نیوز) ریاست میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست کے بیشتر اضلاع اوردونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے لئے آرینج الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آئندہ تین یوم کے دوران گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ سے محفوظ رہنے کے اقدامات کریں کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق ریاست میں آئندہ تین یوم کے دوران 2تا3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں ضلع عادل آباد کے کئی منڈلوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 40ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے۔جاریہ ہفتہ کے آغاز کے دوران ہی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ ماہ مارچ کے آخری ہفتہ میں ریاست میں درجہ حرارت اپنی انتہاء کو پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق شہر حیدرآباد اور سکندرآباد میں بھی گرم ہوائیں چلنے اور لو لگنے کے واقعات کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے 12 اضلاع میں درجہ حرارت 40.8تا42.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے اور 28مارچ سے درجہ حرارت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا جار ہاہے کہ آئندہ دنوں کے دوران دھوپ کی تمازت اور گرمی کی شدت کے پیش نظر آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔3