آئندہ 10 دن میں 50 ہزار کورونا ٹسٹ کئے جائیں گے : کے سی آر

,

   

٭ شہر اور اطراف کے 30 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائیگا
٭ خانگی دواخانوں و لیابس کو بھی معائنوں کی اجازت
٭ رہنما خطوط تیار کرنے اور فیس مقرر کرنے عہدیداروں کو ہدایت
٭ چیف منسٹر کی صدارت میں جائزہ اجلاس کے فیصلے

حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے اضلاع میں موجود 30حلقہ جات اسمبلی میں آئندہ 10یوم کے دوران 50ہزارافراد کے کورونا وائرس معائنے کئے جائیں گے۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کیا اس اجلاس میں ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر ‘ چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار‘ مسٹر نرسنگ راؤ ‘ مسٹر راج شیکھر ریڈی کے علاوہ سرکردہ ماہر اطبا اور دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایات دی کہ وہ آئندہ 10یوم کے دوران حلقہ جات اسمبلی چارمینار‘ بہادر پورہ‘ چندرائن گٹہ‘ نامپلی ‘ جوبلی ہلز ‘ ملک پیٹ‘ مہیشورم‘ راجندر نگر ‘ میڑچل‘ سکندرآباد‘ سکندرآباد کنٹونمنٹ‘ خیریت آباد ‘ کاروان ‘ گوشہ محل ‘تانڈور ‘ عنبر پیٹ مشیر آباد کے علاوہ دیگر شامل ہیں جہاں کے عوام کے کورونا وائرس ٹسٹ کئے جائیں گے۔ شہر حیدرآباد‘ رنگاریڈی کے علاوہ میڑچل میں روزانہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے وجوہات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور شہر میں آبادی زیادہ کے علاوہ گہما گہمی کے سبب کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ ہورہا ہے۔

اجلاس کے دوران عہدیداروں نے چیف منسٹر کو صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے کورونا وائرس کے معائنوں میں اضافہ کی ضرورت کا اظہار کیاجس پر چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ 10یوم کے دوران ان 30 حلقہ جات اسمبلی میں کئے جانے والے 50 ہزار کورونا معائنوں کیلئے صرف سرکاری دواخانوں پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ خانگی لیابس کو جنہیں آئی سی ایم آر کی جانب سے اجازت فراہم کی گئی ہے ان سہولتوں کا بھی استعمال کریں۔ چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے تمام تر انتظامات کئے جاچکے ہیں اور ریاستی محکمہ صحت پی پی ای کٹس ‘ ٹسٹنگ کٹس کے علاوہ دیگر لازمی اشیاء کے ساتھ تیار ہے۔ انہوں نے ریاست کے سرکاری دواخانوں میں موجود بستروں کی سہولت ‘ آکسیجن کی سہولت کے علاوہ وینٹیلیٹرس کی سہولت کے متعلق بھی تفصیلات دریافت کی ۔ چیف منسٹر نے تمام معلومات کے حصول کے بعد کہا کہ ریاستی حکومت کورونا وائرس کے مریضوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے پوری طرح سے تیار ہے ۔ چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس کی پرگتی بھون سے جاری کی گئی تفصیلات میں ضعیف العمر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور جو لوگ مختلف عوارض میں مبتلاء ہیں وہ زیادہ احتیاط کریں کیونکہ دیگر امراض میں مبتلاء افراد کو کورونا وائرس جلد متاثر کررہا ہے۔چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں بلکہ احتیاط لازمی کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت تلنگانہ علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیار ہے شہریوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گھریلو قرنطینہ کیلئے بھی رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں۔