آئی این ایکس میڈیا کیس: پی چدمبرم کو بڑا جھٹکا، سپریم کورٹ نے مسترد کی چدمبرم کی عرضی

,

   

سابق وزیر خزانہ، رکن راجیہ سبھااور کانگریس کے سینئر قائد پی چدمبرم آئی این ایکس میڈیا کیس میں مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کی حراست میں ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ کے بعد اب انہیں عدالت عظمیٰ سے بھی کرارا جھٹکا ملا ہے۔ سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے ذریعہ چدمبرم کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی ہے۔ جسٹس بھانومتی کی بینچ نے کہا کہ جب سی بی آئی نے انہیں حراست میں لیا ہے تو ایسے میں ہم عبوری ضمانت منسوخ کرنے کے فیصلے کو مسترد نہیں کرسکتے ہیں۔

چدمبرم کی پیشگی ضمانت عرضی معاملہ میں جسٹس بھانومتی نے کہا کہ گرفتاری کے بعد پیشگی ضمانت کی عرضی غیر موثر ہو جاتی ہے۔ اس پر چدمبرم کے وکیل کپل سبل نے کہا کہ پھر بھی سماعت ہو سکتی ہے۔ زندگی کا حق اہم ترین ہے۔ اس پر جسٹس بھانومتی نے کہا کہ پیشگی ضمانت کو ہم مستقل ضمانت میں تبدیل نہیں کر سکتے ہیں، ریمانڈ کے خلاف عرضی لسٹ میں نہیں ہے، ہم لسٹنگ کے لئے نہیں کہہ سکتے ہیں۔

سی بی آئی کی ریمانڈ کے خلاف سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی عرضی لسٹنگ کے پیچ میں آج پھنس گئی، کیونکہ چیف جسٹس رنجن گوگوئی سے فی الحال اس کی منظوری نہیں ملی ہے۔ چدمبرم کی سی بی آئی ریمانڈ آج ختم ہو رہی ہے اور انہوں نے ریمانڈ کے خلاف نئی پٹیشن بھی دائر کی ہے، لیکن ابھی تک یہ سماعت کے لئے درج نہیں ہو سکی ہے۔