آج پاک نیوزی لینڈ مقابلہ ، بارش کی پیش قیاسی

   

بنگلورو۔ ہفتہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہاں اہم مقابلہ ہے اور بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم کا خصوصی نظام میچ کو بارش کے پانی سے بچانے کے لیے تیار ہے۔ چناسوامی اسٹیڈیم کے عملے کے مطابق گراؤنڈ میں نصب سب ایر سسٹم میدان میں پانی کھڑا نہیں ہونے دے گا۔ حکام کے مطابق بارش شروع ہوتے ہی سب ایر سسٹم خود بخود فعل ہو جائے گا اور بارش رْکنے کے 15 سے 20 منٹ میں گراؤنڈ کو کھیل کے قابل بنا دیا جائے گا۔ گراؤنڈ اسٹاف کے مطابق اس سسٹم کے تحت پائپس ایک منٹ میں10 ہزار لیٹر پانی نکال سکتے ہیں، چناسوامی اسٹیڈیم میں سب ایر سسٹم 2016ء میں نصب کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل میچ میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بنگلور میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران بارش کے بعد گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر میدان کو ڈھانپ دیا۔ بارش کے باعث نیوزی لینڈ کے پلیئرز ڈریسنگ روم میں واپس چلے گئے۔ تیز بارش کا سلسلہ 5 منٹ تک جاری رہا جس کے کچھ دیر بعد تک ہلکی بوندا باندی ہوئی اور یہ بھی کچھ دیر بعد رْک گئی۔ بنگلور میں کل بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کل (ہفتے) کو بنگلور میں دن ایک سے چھ بجے کے درمیان بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جس سے مقابلہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔مقابلے کا آغاز دن میں 10 بجے ہوگا ۔