آج کے زبان و لہجہ میں دین کی بات کرنے علماء و فارغین کی ضرورت

   

دینی مدارس کے تحفظ ، فتنہ ارتداد اور برادران وطن سے تعلقات جیسے اہم موضوعات پر خطبات

حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (ایجنسیز) مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش کا اہم اجلاس جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد زیر صدارت مولانا اکبر مفتاحی منعقد ہوا جس میں موجودہ دور کے اہم ترین عنوانات پر علماء کرام کے پر مغز خطابات ہوئے۔ اس موقع پر فتنہ ارتداد اسباب اور سد باب کے عنوان پر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم جامعہ المعہد الاسلامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ، حکومت کی جانب سے سرکاری اقدامات اور میڈیا کے ذریعہ یہ کوشش ہورہی ہے کہ اکثریتی ایجنڈہ کو نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے سد باب کیلئے ضرورت اس بات کی ہیکہ اسلامی ماحول کے ساتھ قائم کئے جائیں جو آج کے دور کے تقاضوں کو پورا کرسکیں۔ ہمارے دینی مدارس اس طرح کے ہوں کہ اس کے فارغین آج کی دنیا کے پڑھے لکھوں کو ان کی زبان و لہجہ میں دین کی بات سمجھا سکیں۔ مدارس کے قانونی معاملات ومالی نظام کی شفافیت کے عنوان پر مفتی عبدالمھیمن اظہر القاسمی‘نے مدارس کے رجسٹریشن سے لے کر اس کے نظم کوچلانے سے متعلق قوائد ضوابط اور قوانین سے متعلق واقف کروایا۔ جبکہ دینی مدارس میں عصری نصاب کی شمولیت اہمیت اور طریقہ کار کے عنوان پر مولانا محمد عمر عابدین نائب ناظم جامعہ المعہدالاسلامی قاسمی نے خطاب کیا اور تحفظ مسلک دیوبند اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان پر مولانا محمد عبدالقوی نے اپنا خطبہ پیش کیا۔ مولانا خالد بیگ ندوی نے اپنے کلیدی خطبہ میں نیشنل ایجوکیشن پالیسی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے حال ہی میں منظر عام پر آئے نیشنل کریکولم فریم ورک پر پاور پائینٹ پیش کیا ان کا ماننا ہے کہ نیشنل ایجوکیشن پالیسی کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ اس کے زریعہ تمام طلبہ اکثریتی فرقہ کی آئیڈیالوجی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے اس کے اثرات سے مقابلے کے لئے ٹکنالوجی کے استعمال پر مبنی ایک حل پیش کیا۔ مولاناصلاح الدین سیفی نقشبندی نے علماء کو مشورہ دیا کہ اس اجلاس میں امت کے سامنے آنے والے طوفان کی خبر دی گئی ہے اس سے بچنے میں تیزی سے لگ جائیں۔ مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ صدر امیرشریعہ نے مجلس علمیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم تمام مدارس کے زمہ داران کو بلا کر انہیں مشوروں سے نوازتی ہے۔ مولانا سید اکبر احمد صدارتی خطبہ پیش کیا۔ مولانا محمد بن عبدالرحیم بانعیم مظاہری نائب ناظم مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش نے مجلس علمیہ کے زیر اہتمام مدارس کے لئے تیار کردہ عصری تعلیمی نصاب لیول ون اور لیول ٹو کی تیاری سے متعلق واقف کروایا۔