آرمور میں گیس سلنڈر دھماکہ، چکن سنٹر میں آگ، رکمابائی 60 فیصد جھلس گئیں

   

آرمور 31/ مئی ۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میونسپل حدود میں واقع کاشی ہنومان کالونی میں اتوار کے روز ایک چکن سنٹر و کرانہ دکان میں ایل پی جی گیس سلنڈر لیک ہونے کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجہ میں چکن سنٹر کام کرنے والی رکمابائی شدید زخمی ہوگئیں جبکہ ان کا بیٹا راجیش اپنی والدہ کو بچانے کی کوشش کے دوران جھلس گیا۔تفصیلات کے مطابق کاشی ہنومان کالونی میں قائم چکن سنٹر و کرانہ دکان میں گیس سلنڈر لیکیج ہونے کے سبب اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثہ کے وقت دکان میں موجود رکمابائی آگ کی زد میں آکر بری طرح جھلس گئیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ اسی دوران رکمابائی کا بیٹا راجیش اپنی والدہ کو بچانے کے لیے آگ میں داخل ہوا، جس کے باعث اس کے دونوں ہاتھ جھلس گئے اور اسے بھی شدید زخم آئے۔اطلاع ملنے پر 108 ایمبولنس عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پہنچا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد علاج کے لیے نظام آباد ضلع سرکاری دواخانہ منتقل کردیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق رکمابائی کے جسم کا تقریباً 60 فیصد حصہ جھلس گیا ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی آرمور ٹاؤن پولیس انسپکٹر ستیہ نارائنا گوڑ پولیس عملہ کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اسی دوران فائر بریگیڈ کا عملہ فائر انجن کے ساتھ جائے حادثہ پہنچا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔مقامی افراد کے مطابق اگر فائر بریگیڈ بروقت نہ پہنچتی تو آگ قریبی دکانوں اور مکانات تک پھیل سکتی تھی، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا اندیشہ تھا۔ فائر عملہ کی مستعدی کے باعث آگ کو محدود وقت میں قابو کرلیا گیا۔پولیس نے واقعہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ابتدائی جانچ کے مطابق حادثہ گیس سلنڈر میں لیکیج کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس مختلف زاویوں سے معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔حادثہ میں رکمابائی 60 فیصد جھلس گئیں جبکہ والدہ کو بچانے کی کوشش میں راجیش کے ہاتھ شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا سانحہ رونما ہونے سے بچ گیا۔