تمام دواخانوں میں غیر کورونا علاج کا آغاز، وزیر ای راجندر کا بیان
حیدرآباد ۔ ریاستی وزیر صحت ای راجندر نے کہا کہ آئندہ مالی سال سے آروگیہ شری اور آیوشمان بھارت اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت 26 لاکھ استفادہ کنندگان ہیں جبکہ آیوشمان بھارت اسکیم کے استفادہ کنندگان کی تعداد 80 لاکھ ہے۔ دونوں اسکیمات پر یکساں عمل آوری کیلئے بہت جلد منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے۔ کئی اضلاع میں جہاں سرکاری دواخانوں میں صرف کورونا کے مریضوں کا علاج کیا جارہا تھا اب وہاں غیر کورونا مریضوں کے علاج کا آغاز ہوچکا ہے۔ راجندر نے کہا کہ سنگین صورتحال کے کورونا مریضوں کو چیسٹ ہاسپٹل میں شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایسے مریض جو بیک وقت مختلف امراض کا شکار پائے جائیں انہیں گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا جائے گا۔ معمولی علامات کے کورونا مریضوں کا تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس گچی باؤلی میں علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہاسپٹل اور اضلاع کے سرکاری دواخانوں میں کورونا کے علاج کی سہولت برقرار رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے سرکاری دواخانوں میں اضافی انفراسٹرکچر سہولتوں کے ساتھ اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نمس میں آئی سی یو بستروں کی تعداد میں 150 کا اضافہ کیا جائے گا۔ گاندھی ہاسپٹل میں 35 کروڑ کے صرفہ سے انسانی اعضاء کی پیوند کاری کی سہولت کا آغاز کیا جائے گا۔
عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت سے متعلق فیصلہ ہائی کورٹ میں زیر دوران مقدمہ کی یکسوئی کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 700 ہیلت کیر اسٹاف کے پرموشن کو منظوری دے دی ہے۔