20 فیصد نشستیں ایمپلائز کے بچوں کے لیے مختص ، ماباقی جنرل نشستیں ہوں گی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے تارناکہ میں موجود ہاسپٹل سے متصل ایک میڈیکل کالج قائم کرنے اور اس میڈیکل کالج میں 20 فیصد نشستیں آر ٹی سی ایمپلائز کے بچوں کو مختص کرنے ماباقی جنرل رکھنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ اس تجویز کو حکومت سے رجوع کرتے ہوئے مالی امداد حاصل کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس بھی منعقد ہوچکا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 15 سال قبل ہی یہ تجویز تیار ہوئی تھی مگر وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی ۔ وی سی سجنار کی جانب سے آر ٹی سی منیجنگ ڈائرکٹر کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد خسارے میں چلنے والے ادارہ آر ٹی سی کو نفع بخش ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اسی سلسلے کے طور پر میڈیکل کالج قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ آر ٹی سی کا تارناکہ میں اپنا ہاسپٹل ہے ۔ ماضی میں 100 بیڈس پر مشتمل تھا حال ہی میں اس کی گنجائش بڑھاکر 200 بیڈس پر مشتمل کردی گئی ہے ۔ کارپوریٹ طرز پر اس کو ترقی دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ خانگی ہاسپٹل کی مدد سے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے۔ ایک ریٹائرڈ سینئیر میڈیکل آفیسر کی کنٹراکٹ پر خدمات حاصل کرتے ہوئے ہاسپٹل کو بہتر بنانے اور تمام اقسام کے امراض کا علاج کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ فی الحال اس ہاسپٹل میں آر ٹی سی ایمپلائز اور ان کے ارکان خاندان کا علاج کیا جارہا ہے ۔ چند شعبوں میں ڈاکٹرس ، عملہ اور آلہ جات کی قلت ہے ۔ اس کے علاج کے لیے خانگی ہاسپٹل سے رجوع کیا جارہا ہے ۔ اسی ہاسپٹل میں تمام علاج کرنے ڈاکٹرس ، عملہ کا تقرر کرنے ، عصری آلہ جات خریدنے ، لیاب ، فارمیسی کی 24 گھنٹے خدمات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عام لوگوں کو بھی اس ہاسپٹل میں علاج کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ تارناکہ ہاسپٹل کا احاطہ 7.5 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے ۔ مزید اراضی کی ضرورت پڑنے پر عثمانیہ یونیورسٹی کے حدود میں موجود اراضی حاصل کرنے یا اُپل میں موجود آر ٹی سی ورکشاپ کی اراضی استعمال کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔۔ ن