آر ٹی سی ہڑتال پر وزیر ٹرانسپورٹ کی راج بھون طلبی

,

   

گورنر کی اجئے کمار سے فون پر گفتگو کے بعد تفصیلات کے ساتھ ملاقات کی ہدایت

حیدرآباد۔17اکٹوبر(سیا ست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سونداراجن نے آر ٹی سی ہڑتال کا جائزہ لینے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی اجئے کمار کو راج بھون طلب کرلیا۔گذشتہ یوم آر ٹی سی جے اے سی صدرنشین مسٹر اشواتھاما ریڈی سے آر ٹی سی کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے اور اس سے ایک یوم قبل ریاست کے موجودہ حالات اور آر ٹی سی ہڑتال کے سلسلہ میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کے بعد اب ڈاکٹر سوندارجن کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ کو راج بھون طلب کئے جانے سے واضح ہوجاتا ہے کہ گورنر آر ٹی سی ہڑتال اور ملازمین کے مسائل کے متعلق راست آگہی حاصل کرنا چاہتی ہیں اور وہ اس معاملہ سے خود کو دور رکھنے کے بجائے اپنا کردار اداکرنے کے حق میں نظر آرہی ہیں۔ گورنر نے آج سہ پہر وزیر ٹرانسپورٹ سے فون پر رابطہ قائم کرکے ہڑتال کو ختم کروانے اقدامات کے علاوہ عوام کی سہولتوں کیلئے انتظامات کے سلسلہ میں دریافت کیا۔ قبل ازیں گورنر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری کو طلب کرکے تفصیلات حاصل کیں ۔ اجئے کمار کو گورنر نے گذشتہ 13یوم سے جاری آر ٹی سی ہڑتال کی مکمل رپورٹ کے ساتھ ان سے ملاقات کرنے کی ہدایت دی جس کے فوری بعد پرگتی بھون میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت آر ٹی سی ہڑتال کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ کو مکمل رپورٹ کے ساتھ ملاقات کی ہدایت کے بعد سمجھا جا رہاہے کہ مرکزی حکومت نے گورنر کے توسط سے تلنگانہ میں آر ٹی سی ہڑتال کے معاملہ میں بالواسطہ مداخلت کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ نے گورنر سے جلد ملاقات کا وعدہ کیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ وہ رپورٹ کے ساتھ گورنر سے ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے اب تک ہڑتال کے متعلق اقدامات کی تفصیلات پیش کریں گے اور ملازمین کے متعلق حکومت کے موقف کو واضح کرکے چیف منسٹر کی ہدایت پر نئے تقررات کے سلسلہ میں احکامات کی تفصیلات پیش کریں گے ۔ گورنر کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ کو طلب کئے جانے کے سلسلہ میں جے اے سی کے قائدین کا کہناہے کہ گورنرنے مسائل کی سماعت کے بعد خاموشی اختیار نہیں کی ہے بلکہ متعلقہ وزیر کی راج بھون طلبی حکومت کو طلب کرنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔