آسام میں CAAکیخلاف احتجاجی مظاہرے

   

گوہاٹی : آسام میں اپوزیشن کانگریس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا گیا اور کانگریس کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کے دوران ایکٹ سے متعلق کاپیاں نذرآتش کیں۔ متنازعہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے نفاذ کے خلاف منگل کو آسام میں احتجاج پھوٹ پڑا اور ریاست بھر میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ کے پتلے اور قانون کی کاپیاں نذر آتش کرکے احتجاج درج کرایا۔ اسوم جاتیاتابادی یوبا چھاترا پریشد نے لکھیم پور میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے پتلے جلائے تو کانگریس کارکنوں نے بھی سی اے اے کے نفاذ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس کارکنوں نے آسام اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر دیببرتا سائکیا کی قیادت میں گوہاٹی میں ریاستی صدر دفتر راجیو بھون کے سامنے احتجاج کیا اور ایکٹ کی کاپیاں نذر آتش کیں۔ ریاست بھر کے کالجوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور طلبا نیسی اے اے کے خلاف بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا۔ آسام میں مختلف سیاسی پارٹیوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے متنازعہ قانون کے خلاف زبردست احتجاج کیا جارہا ہے۔