وشاکھاپٹنم : رائل آسٹریلین نیوی اور ہندوستانی بحریہ کی خلیج بنگال میں دو روزہ میری ٹائم پارٹنرشپ مشق جمعرات کو ختم ہوگئی۔ آر اے این بحری بیڑے ایچ ایم اے ایس ایڈلیڈ اور ایچ ایم اے ایس انجیک اور ہندوستانی بحریہ کے جہازوں جلشوا اور کاورتی کے ساتھ خلیج بنگال میں حکمت عملی کی مشق، ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ اور ایمفیبیئس آپریشنز کی دو روزہ مشقیں اختتام پذیر ہوئیں۔ یہ اطلاع ہفتہ کو یہاں بحریہ کی ایک ریلیز میں دی گئی۔ آر اے این کے جہازوں ایچ ایم اے ایس ایڈلیڈ اور ایچ ایم اے ایس انجیک نے 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک وشاکھاپٹنم کا دورہ کیا۔ یہ مشق آسٹریلیا کے انڈو پیسیفک اینڈیور 2022 کا حصہ تھی۔ آسٹریلوی دفاعی افواج کی میزبانی ایسٹرن نیول کمانڈ نے کی۔
جی آئی ایم میں 9.8 لاکھ کروڑ روپے کے تجارتی معاہدے : بومئی
بنگلورو : کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے کہا کہ اس سال گلوبل انویسٹرس میٹ (جی آئی ایم) میں 9.8 لاکھ کروڑ روپے کے تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ، جن میں سے 2.83 لاکھ کروڑ روپے کی تجاویز پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کرناٹک حکومت کے زیر اہتمام فلیگ شپ گلوبل انویسٹرس میٹ، انوسٹ کرناٹک 2022 کے اختتام پر کہا اس بار تقریباً 29 فیصد تجاویز کو جی آئی ایم کے شروع ہونے سے پہلے ہی منظور کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صنعت کے سکریٹری سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر 10 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے جمعہ کی شام کو دیر گئے کہا، ‘‘گزشتہ تین دنوں میں جن تمام معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، ان پر اگلے تین ماہ کے اندر عمل درآمد ہونا چاہیے ۔ اس کے بعد شفاف رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے ۔ بومئی نے کہا کہ پہلا جی آئی ایم 2000 میں منعقد ہوا تھا جس میں 27,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجویز تھی، جس میں سے 44 فیصد سرمایہ کاری کی گئی تھی۔