آندھرا میں مکانات کی عدم تقسیم ۔ تلگودیشم کا الزام

   

امراوتی ۔ تلگودیشم لیڈر کے اچن نائیڈو نے چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں مستحق افراد میں بالکل تیار مکانات کی تقسیم عمل میں نہیں لا رہے ہیں۔ اچن نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم دور حکومت میں 2.62 لاکھ مکانات مستحق غریب عوام کیلئے تعمیر کئے گئے تھے ۔ یہ گیٹیڈ کمیونٹی طرز کے مکانات تھے ۔ سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مکمل ترجیح کے ساتھ یہ پراجیکٹ شروع کیا تھا تاہم موجودہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی ان مکانات کی تقسیم عمل میں نہیں لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکانات مرکزی امداد سے تیار کئے گئے ہیں اور ان میں کچھ استفادہ کنندگان نے بھی حصہ ادا کیا ہے ۔ حکومت نے استفادہ کنندگان کا آن لائین طریقہ سے انتخاب عمل میں لایا ہے ۔ مستحق افراد کی مکمل چھان بین بھی کی گئی ہے تاہم جگن حکومت مکانات کی تقسیم عمل میں نہیںلا رہی ہے ۔