آندھرا پردیش سے مہاراشٹرا گانجہ منتقلی کی کوشش، گانجہ ضبط، چار افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش سے مہاراشٹرا منتقل کئے جارہے گانجہ کو ضبط کرتے ہوئے راچہکنڈہ پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ چوٹ اپل پولیس نے ایک آپریشن منعقد کرتے ہوئے ولی گنڈہ چوراہے پر اس ٹولی کو بے نقاب کردیا جو ایک ڈی سی ایم گاڑی میں گانجہ منتقل کررہے تھے۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ دیویندر سنگھ چوہان نے بتایا کہ 400 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا گیا جو ایک ڈی سی ایم گاڑی میں خفیہ باکس کو تیار کرتے ہوئے اس میں گانجہ منتقل کررہے تھے۔ پولیس بنوت ویرانا ساکن ہنمکنڈہ، کے سری سیلم ساکن سری سیلم، کیتاوت شنکر نائیک ساکن حیدرآباد اور پنجاسوریا ساکن ورنگل کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک کروڑ50 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ گانجہ کے علاوہ ڈی سی ایم گاڑی اور 5 موبائیل فون ضبط کرلئے گئے۔گرفتار افراد گانجہ کی انارم آندھرا پردیش سے خریدی کرتے ہوئے براہ حیدرآباد مہاراشٹرامنتقل کررہے تھے۔ راجمندری ، کھمم ، ترور، ترملگیر ی، اڈہ گڈور، متکور، ولی گنڈہ، چوٹ اپل سے حیدرآاد اور مہاراشٹرا منتقل ہونے والے گانجہ کو چوٹ اپل میں ضبط کرلیا گیا۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ مزید تین افراد جو اس ٹولی سے وابستہ ہیں مفرور بتائے گئے ہیں۔ڈی سی ایم گاڑی میں ایک خفیہ باکس تیار کیا گیا تھا اور اس باکس میں 400 کیلو گانجہ کو رکھ کر منتقل کیا جارہا تھا۔ باکس کو انتہائی چالاکی سے تیار کیا گیا جس کے باعث ڈی سی ایم گاڑی بظاہر بالکل خالی دکھائی دے رہی تھی۔پولیس کمشنر نے اس کارروائی پر پولیس ملازمین کی ستائش کی۔ع