حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش حکومت نے اساتذہ کی 6100 جائیدادوں پر تقررات کیلئے ڈی ایس سی اعلامیہ جاری کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ آندھرا پردیش کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسکول ایجوکیشن اور دیگر محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کا جائزہ لیا گیا۔ کالجس اور یونیورسٹیز میں جائیدادوں پر تقررات کے علاوہ تبادلوں کے ذریعہ مخلوعہ نشستوں کو پُر کرنے کو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے تمام یونیورسٹیز کے غیرتدریسی اسٹاف اور ملازمین کے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کو 62 سال کرنے کا فیصلہ کیا۔ سیول سپلائیز اور برقی محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ جنگلات میں 689 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ مکمل کرنے کی منظوری دی گئی۔ وکلاء کی بھلائی کیلئے ویلفیر بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اسی دوران آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 فروری سے شروع ہوگا جو 7 فروری تک جاری رہے گا۔ ریاستی کابینہ کے فیصلہ کے مطابق 5 فروری کو ریاستی گورنر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اسمبلی میں حکومت عبوری بجٹ پیش کرے گی۔ 6 اور 7 فروری کو بجٹ پر مباحث ہوں گے اور حکومت کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔1