آندھرا پردیش میں ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ 8,147 پازیٹیو کیس‘ 49 اموات

   

امراوتی ۔ آندھرا پردیش میں کورونا کی وباء تھمنے کی بجائے مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور ریاست میں ایک دن میں ریکارڈ 8,147 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں جملہ کورونا متاثرین کی تعداد 80,858 تک جا پہونچی ہے ۔ ریاست میں جملہ 39,935 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے اور مزید 39,990 مریض اب بھی دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ریاست میں اب تک جملہ 15 لاکھ سے زیادہ معائنے کئے جاچکے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ریاست میں کورونا متاثر ہونے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور یہ 5.24 فیصد تک پہونچ گئی ہے ۔ یہاں صحتیابی کی شرح بھی 51.65 فیصد سے گھٹ کر 49.39 فیصد ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جملہ 49 اموات بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ مشرقی گوداوری ضلع میں یہ وائرس شدت سے پھیل رہا ہے جہاں مسلسل دوسرے دن میں بھی 1000 سے زیادہ پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اننت پور سے 914 کیس رپورٹ ہوئے ۔