آندھرا پردیش میں عوامی فلاح و بہبود کی چھ نئی اسکیمات

   

بیروزگار نوجوانوں کو بھتہ دوگنا ۔ اقلیتوں کیلئے 1304 کروڑ روپئے ۔ بجٹ کی پیشکشی

حیدرآباد 5 فروری (سیاست نیوز) وزیر فینانس آندھراپردیش راما کرشنوڈو نے آج اسمبلی میں 2,26,177,53 کروڑ روپیوں کا عبوری بجٹ پیش کیا ۔ چھ نئی اسکیمات متعارف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ان کیلئے رقومات منظور کی گئیں۔ علاوہ ازیں آندھرا پردیش میں کسانوں کیلئے حکومت نے ’انا داتا سوکھی بھوا‘ اسکیم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسکیم کیلئے بجٹ میں 5 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ آندھراپردیش میں اقلیتی طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے 1308 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ علاوہ ازیں حکومت نے علیحدہ طور پر اقلیتی سب پلان کے تحت 1304 کروڑ روپئے مختص کرنے کے ساتھ اقلیتی طبقات (مسلم) کے لڑکیوں کی شادی سے متعلق متعارف دولہن اسکیم کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے۔ وزیر فینانس نے بتایا کہ حکومت کی چھ نئی اسکیمات شتریہ کارپوریشن کیلئے 50 کروڑ روپئے حصول اراضی امکنہ کیلئے 500 کروڑ روپئے، ایم ایس ایم ای ترغیبات کیلئے 400 کروڑ روپئے، ڈرائیورس کی فلاح و بہبود کیلئے 150 کروڑ روپئے، بلدیات میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ وزیر فینانس نے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے بے روزگاری بھتہ رقم کو ایک ہزار روپئے سے بڑھاکر دو ہزار روپئے کیا گیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ زرعی شعبہ کیلئے 17,732 کروڑ روپئے، سیکنڈری ایجوکیشن کیلئے 22,783 کروڑ روپئے، سیول سپلائز کیلئے 3,763 کروڑ محکمہ فینانس کیلئے 51,841 کروڑ شعبہ توانائی و انفراسٹرکچر کیلئے 5473 کروڑ محکمہ جی اے ڈی کیلئے 1117 کروڑ ، محکمہ صحت و طبابت کیلئے 10,032 کروڑ ، محکمہ داخلہ کیلئے 6397 کروڑ ، محکمہ ہاؤزنگ کیلئے 4079 کروڑ ، محکمہ آبپاشی کیلئے 16,852 کروڑ، انڈسٹریز کیلئے 4114 کروڑ ، اسمبلی کیلئے 149 کروڑ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کیلئے 1006 کروڑ ، فراہمی محنت و روزگار کیلئے 1225 کروڑ ، محکمہ قانون و انصاف کیلئے 918 کروڑ ، بلدی نظم و نسق کیلئے 7979 کروڑ ، محکمہ منصوبہ بندی کیلئے 1403 کروڑ ، محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقیات کیلئے 35182 کروڑ ، محکمہ مال کیلئے 5546 کروڑ ، رئیل ٹائم گورننس کیلئے 172 کروڑ ، اسکل ڈیولپمنٹ کیلئے 458 کروڑ ، محکمہ سماجی بھلائی کیلئے 6861 کروڑ ، محکمہ عمارات و شوارع کیلئے 5382 کروڑ ، محکمہ بہبود برائے خواتین و اطفال کیلئے 3408 کروڑ ، محکمہ یوتھ سرویس و اسپورٹس کیلئے 1982 ، چیف منسٹرس یووا نیتم اسکیم کیلئے 1200 کروڑ ، ڈاکرا خواتین کو بلا سود قرض کیلئے 1100 کروڑ ، نویں جماعت اور دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کو دوپہر کے کھانے کی اسکیم کیلئے 156 کروڑ روپئے اور این ٹی آر اوورسیز ایجوکیشن اسکیم کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔