آن لائن درخواستوں کے باوجود ووٹر کارڈز کی عدم اجرائی

   

سکندرآباد حلقے میں 21 تا 26 جنوری فہرست میں نام شامل کرنے کا موقع
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں جہاں برسر اقتدار جماعت ٹی آر ایس نے پھر ایک مرتبہ اپنی حکومت کی ایک اور میعاد بڑھالی ہے وہیں ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کی عدم موجودگی نے عوام میں بے چینی بھی بڑھا دی ہے اور اب ہندوستان بھر میں لوک سبھا انتخابات کا شور بھی بڑھ رہا ہے ۔ ایسے میں عوام کی بے چینی میں اضافہ ہونا فطری امر ہے لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاستی اور ملکی سطح پر ووٹر لسٹ میں رائے دہندگان کے نام شامل کرنے کی مہم اور شعور بیداری پیدا کرنے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ اسی دوران سکندرآباد کے اسمبلی حلقہ ’ سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ ‘ میں 21 جنوری سے رائے دہندگان کی فہرست میں اپنا نام درج کرنے کا آغاز ہوگا جو 25 جنوری تک جاری رہے گا ۔ اسمبلی انتخابات کے دوران دیکھا گیا کہ اس علاقے کے 196 پویلین بوتھ پر عوام ایک مقام سے دوسرے مقام رائے رہندگان کی فہرست میں اپنا نام تلاش کرتے پھر رہے تھے ۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن وینگ کے انچارج پرشورام نے کہا ہے کہ اس علاقے میں 2.36 لاکھ رائے دہندگان موجود ہیں جب کہ 40 ہزار سے زیادہ افراد نے فہرست میں اپنے نام کی عدم موجودگی کی شکایت کی ہے لہذا ہم ان افراد کو اطلاع دیتے ہیں کہ آئندہ ہفتے شروع ہونے والی مہم سے استفادہ کریں ۔ دریں اثناء قطب اللہ پور مخدوم علی نے کہا کہ انہیں اس بات پر کافی تکلیف ہوئی کہ سرکاری ملازمت انجام دینے اور سابق ووٹر کارڈ موجود ہونے کے باوجود وہ اسمبلی انتخابات میں ووٹ کے حق سے محروم رہے ہیں حالانکہ ان کے افراد خاندان آن لائن درخواستیں داخل کی گئی تھیں جنہیں نیا ووٹر کارڈ جاری کیا گیا جب کہ ان آن لائن درخواست داخل ہونے کے باوجود ووٹر کارڈ دستیاب نہیں ہوا ۔۔