اب 5 سال تک بی جے پی کو نہیں ملے گا وزیر اعلیٰ کا عہدہ:ادھو ٹھاکرے

   

ممبئی: مہاراشٹر میں اقتدار تبدیلی کے بعد سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پہلی بار بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب آئندہ پانچ سال تک بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ نہیں بنے گا۔ واضح رہے کہ جمعرات کو شیو سینا کے باغی لیڈر ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے 20ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ جبکہ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا، ’یہ جو کل ہوا، میں نے پہلی ہی امت شاہ سے کہا تھا کہ ڈھائی سال تک شیو سینا کا وزیر اعلیٰ ہو اور وہی ہوا۔ پہلے ہی اگر ایسا کرتے تو مہا وکاس اگھاڑی وجود میں ہی نہیں آتی۔ اگر میری بات مانی ہوتی تو ڈھائی سال بی جے پی کا وزیر اعلیٰ رہتا، اب 5 سال تک بی جے پی کا وزیر اعلیٰ ہونے والا نہیں ہے۔