اجمیر ۔ راجستھان کے اجمیر میں آج پہلی بار مکر سنکرانتی کے موقع پر راجستھان پتریکا کی جانب سے پتنگ میلے کا اہتمام کیا گیا۔ اجمیر کے کوٹرا میں ناگ پہاڑ کے دامن میں تعمیر کئے گئے وویکانند میموریل پر ضلع کلکٹر پرکاش راج پروہت نے پتنگ اڑاکر پتنگ میلے کا افتتاح کیا۔ صبح کے وقت شدید سردی کے باوجود لوگوں نے جوش و خروش سے پتنگیں اڑائیں اور اجمیر میں منعقد ہونے والے پہلے پتنگ میلے کا لطف اٹھایا۔ ضلع کلکٹر راج پروہت نے پرتیکا کی اس پہل کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پتریکا نے کورونا ضابطوں کے تحت ایک گھنٹے کے چھوٹے سے حصے میں جو اس تقریب کا انعقاد کیا ہے ، یہ قابل ستائش ہے اور موسم نے بھی پتریکا کا ساتھ دے کر ماحول کو خوشگوار بنا دیا ہے ۔ مسٹر راج پروہت نے پتریکا کو ہر سال اسی طرح کی تقریبات منعقد کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اس بات کی بھی ستائش کی کہ پتریکا نے کائٹ فیسٹیول کے ساتھ ساتھ کورونا سے متعلق عوامی شعور کو بھی اجاگر کیا۔ اس موقع پر پشکر کے سینڈ آرٹسٹ اجے راوت نے ریت سے سوامی وویکانند کی تصویر بنائی جو اتنی دلکش تھی کہ خواتین، مرد اور بچوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں لیں۔