اجیت ڈوول ، 11 روزہ دورۂ کشمیر کے بعد دہلی واپس

   

سرینگر ۔16 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول وادی کشمیر کے 11 روزہ دورہ کے بعد جمعہ کو نئی دہلی واپس ہوئے جہاں وہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے دستبرداری کے بعد منصوبوں پر آسان و پرسکون انداز میں عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے کیمپ کئے ہوئے تھے ۔ ڈوول نے جو 16 اگسٹ کو یہاں پہونچے تھے امن و سلامتی اور ترقی سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اس بات پر خصوصی توجہ مرکوز کی تھی کہ کسی انسانی جان کی تلافی ہونے نہ پائے ۔ ڈوول نے وادی میں اپنے قیام کے دوران شوپیان کا دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام اور سکیورٹی اہلکاروں سے ملاقات کی ۔ میڈیا میں گشت کے دوران ڈوول کو کسی نامعلوم مقام پر مقامی افراد کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھاتے ہوئے دکھایا گیا اور پس منظر میں دوکانات بند اور سڑکیں سنسان تھیں ۔ ویڈیو میں اُنھیں یہ کہتا سنا گیا تھا کہ ایک مرتبہ نیا نظم و نسق اُمور انتظام سنبھالنے کے بعد حالات بدل جائیں گے ۔