اردغان روس۔ یوکرین بحران کے پْر امن حل کے خواہاں

   

انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ہم روس۔ یوکرین بحران کے پْر امن حل کے خواہش مند ہیں۔صدر اردغان نے ضلع ترابزون میں نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے سوالات کے جواب دئیے۔روس۔ یوکرین بحران کے حوالے سے خارجہ پالیسی سے متعلق سوال کے جواب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی میں ہمارا ہدف ہمیشہ سے دشمن بنانا نہیں دوست بنانا رہا ہے۔انہوں نے، جاریہ مہینے میں اپنے دورہ یوکرین اور روس کے صدر ولادیمیرپوٹن کے دورہ ترکی کی، یاد دہانی کروائی اور روس۔ یوکرین بحران کا جائزہ لیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ “ہماری تمام تر کوششیں یوکرین اور روس کے درمیان جاری بحران کو ختم کرنے پر مرکوز ہیں۔ ہم کبھی بھی دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے خواہش مند نہیں ہو سکتے۔ درپیش حالات علاقے کے لئے خیر کی علامت نہیں ہیں۔ ہماری تمّنا اس بحران کو بھی پْر امن شکل میں حل کرنا ہے”۔