اردن: چینی دوا سازکمپنی سائنوفارم کی کوویڈ۔19 کی ویکسین ہنگامی استعمال کیلئے منظور

   


اردن نے چین کی دواساز کمپنی سائنوفارم کی تیارکردہ کوویڈ۔19 کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔اس سے پہلے اردنی حکومت نے امریکی کمپنی فائزرکی جرمن کمپنی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔اردن کی خوراک اور ادویہ اتھارٹی کے سربراہ نزار مہیدات نے اتوار کے روز سرکاری ٹیلی ویڑن کو بتایا ہے کہ ’’سائنوفارم ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔فائزر کی ویکسین کے بعد اردن میں یہ دوسری منظور شدہ ویکسین ہے۔‘‘سائنوفارم کا کہنا ہے کہ اس کی ویکسین کوویڈ۔19 سے تحفظ میں 79 فی صد مؤثر ہے۔اردنی وزیرصحت نذیرعبیدات نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ اردن نے فائزر اوربائیو این ٹیک کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اردن کو گلوبل ’کوویکس پروگرام‘ کے تحت برطانوی کمپنی آسٹرا زینیکا؍آکسفورڈ کی تیارکردہ ویکسین کی ساڑھے چھ لاکھ خوراکیں ملنے کی توقع ہے۔اس ضمن میں اردن کا امریکہ کے گروپ جانسن اینڈ جانسن سے سمجھوتا طے پا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت دنیا کے غریب ممالک کو کووِڈ-19 کی ویکسین مفت یا ارزاں نرخوں پر مہیا کی جائے گی۔اردنی حکومت نے ابھی تک ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ملک کی 20 سے 25 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جائے گی۔واضح رہے کہ اردن کی کل آبادی ایک کروڑ 10 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔