اروند کجریوال کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا

,

   

چیف منسٹر دہلی 15 دنوں کی عدالتی تحویل میں
نئی دہلی : دہلی شراب پالیسی سے متلعق منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال کو آج عدالت سے بڑا جھٹکہ لگا ہے۔ ان کی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد ای ڈی نے انہیں دہلی کی راؤز ایونیو عدالت میں پیش کیا۔ ای ڈی نے ان کی مزید ریمانڈ طلب نہیں کی جس کے بعد عالت نے انہیں 15 دنوں کیلئے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔واضح رہے کہ ای ڈی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 21 مارچ کی رات کو گرفتار کیا تھا۔ 22 مارچ کو عدالت نے کجریوال کو 28 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ پھر 28 مارچ کو انہیں یکم اپریل تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا تھا اور آج دوسری ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد عدالت نے انہیں 15 دنوں کیلئے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ کجریوال اب 15 دنوں تک تہاڑجیل میں رہیں گے۔اروند کجریوال کی گرفتاری سے متعلق ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ دہلی شراب پالیسی کی تیاری اور اس کے نفاذ میں بدعنوانی ہوئی ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو اس معاملے میں اہم سازشی قرار دیا ہے۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور سنجے سنگھ اسی معاملے میں پہلے سے ہی جیل میں ہیں۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ دہلی شراب کی پالیسی سے کمائی گئی رقم کا استعمال عام آدمی پارٹی نے گوا اسمبلی انتخابات اور دیگر مقاصد کیلئے کیا ہے۔ وہیں عآپ نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ کجریوال کو لوک سبھا الیکشن میں انتخابی مہم چلانے سے روکنے کیلئے گرفتار کیا گیا ہے اور بی جے پی سیاسی انتقام کے جذبے سے یہ سب کر رہی ہے۔