اسد اویسی کی گاڑی پر 10 ہزار سے زائد کے ٹریفک چالان

   

حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) ٹریفک پولیس کی جانب سے چالانات کی تکمیل کیلئے عام آدمی پر دباؤ بنایا جاتا ہے اور بعض صورتوں میں تلاشی مہم کے دوران گاڑیوں کو محض اس لئے ضبط کرلیا جاتا ہے کہ اس پر بھاری چالانات باقی ہیں۔ پولیس کا رویہ اہم شخصیتوں بالخصوص عوامی نمائندوں کے ساتھ مختلف ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی کار پر 10485 روپئے کے چالانات باقی ہیں۔ اسد الدین اویسی کی گاڑی ڈیفینڈر TS11EV9922 پر 2021 سے چالانات باقی ہیں۔ 2021 سے آج تک حکومت کی جانب سے چالانات کی ادائیگی کے سلسلہ میں عوام کو ڈسکاؤنٹ کے ساتھ دو مرتبہ موقع دیا گیا تھا لیکن اسد اویسی نے چالانات ادا نہیں کئے۔ آوٹر رنگ روڈ پر اوور اسپیڈ سے گاڑی چلانے پر یہ چالانات کئے گئے ہیں جن کی ادائیگی باقی ہے۔ سوشیل میڈیا میں اسد اویسی کی گاڑی اور چالانات کی تفصیل کے ساتھ خبریں تیزی سے وائرل ہوچکی ہیں۔1