اسرائیلی حملوں میں مزید 36 فلسطینی جاں بحق

,

   

مجموعی ہلاکتیں 174 سے تجاوز،رہائشی علاقوں پر بمباری سے کئی عمارتیں منہدم
پوری قوت کے ساتھ حملے جاری رکھنے نتن یاہو کا اعلان

تل ابیب: اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں اتوار کو مزید 36 فلسطینی جاں بحق ہو گئے جن میں 10 بچے اور 23 خواتین بھی شامل ہیں۔ غزہ میں وزارت صحت کے مطابق اس طرح گزشتہ پیر سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 174 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسرائیل نے رہائشی علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجہ میں کئی عمارتیں منہدم ہوگئی اور ملبہ کے نیچے کئی افراد دبے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے رہائشی علاقوں پر بمباری سے متعلق فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ وہ پوری قوت کے ساتھ حملے جاری رکھیں گے۔ بچوں کے عالمی ادارے یونیسیف کے مطابق نصف سے زائد ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں دس برس سے بھی کم ہیں۔ غزہ کے گنجان آباد علاقے میں تقریبا دو ملین فلسطینی آباد ہیں۔ دوسری جانب حماس کے راکٹ حملوں اور اسرائیل میں پر تشدد واقعات کے نتیجے اب تک وہاں دس افراد مارے جا چکے ہیں، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی بمباری کا سلسلہ ساتویں روز میں داخل ہوگیا اور اتوار کو کیے گئے فضائی حملوں میں مزید کئی فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ مزید 2 رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔خبررساں اداروں رائٹرز اور الجزیرہ کی رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز فضائی حملوں میں اسرائیلی فوج نے مغربی غزہ سٹی کے علاقے خان یونس میں حماس کے سیاسی و عسکری ونگ کے سربراہ یحیٰ السنور کے گھر کو نشانہ بنایا۔ انہیں سال 2011 میں اسرئیل کی جیل سے رہائی ملی تھی۔ علاوہ ازیں اسرائیلی میزائلوں نے پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کو بھی نشانہ بنایا۔ قبل ازیں ایک حملے میں 12 منزلہ الجلا نامی رہائشی عمارت کو مسمار کردیا گیا تھا جہاں الجزیرہ، امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پرین (اے پی) سمیت میڈیا کے دیگر اداروں کے دفاتر موجود تھے، عمارت کے مالک کو پیشگی حملے کی اطلاع دینے کے بعد تباہ کیا گیا تھا۔ الجلا عمارت کی تباہی کے ردِ عمل میں حماس نے رات بھر اسرائیل میں 120 راکٹ داغے جس میں اکثر کو اسرائیلی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کردیا جبکہ درجنوں غزہ میں ہی جا گرے۔ دوسری جانب مغربی کنارے میں بھی ہلاکت خیز جھڑپیں جاری جس میں اب تک اسرائیلی فوجیوں کے حملوں میں کئی فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔