اسرائیلی فوج نے غزہ میں جمع فاقہ کش لوگوں پرایک بار پھر گولیاں برسادیں

,

   

غزہ : اسرائیلی فوج کی طرف سے گذشتہ ہفتے غزہ میں نابلسی گول چکرمیں امداد اور آٹے کیلئے جمع ہزاروں فلسطینیوں پر گولیاں چلانے اور سینکڑوں فلسطینیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کے بعد ایک بار پھر امداد کیلئے جمع لوگوں پر گولیاں چلائی ہیں۔ غزہ میں سرکاری میڈیا کے کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کی شام غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع غزہ شہر کے کویت گول چکر پر انسانی امداد کے انتظار میں کھڑے بے گھر افراد پر فائرنگ کی۔ درجنوں شہری صلاح الدین اسٹریٹ پر واقع کویت گول چکر پر آٹا اور خوراک کی امداد لینے کیلئے انتظار کر رہے تھے لیکن گولیوں کی آواز سے وہ حیران رہ گئے۔حماس تحریک کے میڈیا آفس نے بھوک، غذائی قلت اور پانی کی کمی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی بڑی تعداد کے تناظر میں غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال اور بگڑتی ہوئی انسانی تباہی کا مکمل طور پر ذمہ دار امریکی انتظامیہ اور عالمی برادری کو ٹھہرایا ہے۔حماس نے “نسل کشی کی جنگ کے خاتمے اور تمام گورنریوں خاص طور پر شمالی غزہ کی پٹی کیلئے امداد کے 1,000 ٹرکوں کو جانے کی اجازت دینے” کا مطالبہ کیا۔یہ واقعہ غزہ شہر کے جنوب مغرب میں واقع نابلسی گول چکر پر پیش آنے کے بعد سامنے آیا جس میں تقریباً 118 افراد ہلاک اور تقریباً 750 افراد زخمی ہوگئے تھے۔جب کہ اسرائیل نے دعویٰ کہا کہ یہ اموات فلسطینیوں کی بھگدڑاور ٹرکوں کے ان پر چڑھ جانے سے ہوئیں جو خوراک کیلئے ٹرکوں کی طرف لپک رہے تھے۔تاہم اس سانحے کو بڑے پیمانے پر بین الاقوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور عالمی سطح پر مزید امدادی ٹرکوں کو محصور غزہ تک لانے کا مطالبہ شدت اختیار کرگیا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ پوری پٹی میں شہریوں تک انسانی امداد کی فوری رسائی کو آسان بنائے۔

غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، مزید 124 فلسطینی شہید
غزہ سٹی: غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری جاری ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 124 فلسطینی شہید کردیے ۔‘ڈان نیوز’ کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے ۔غزہ میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت کے نتیجے میں شہدا کی مجموعی تعداد 30 ہزار 534 ہوگئی جبکہ 72 ہزار افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ادھر مغربی کنارے میں بھی صیہونی فوج کی کارروائیاں نہ تھم سکیں، جینن، قلقلیا سمیت مختلف علاقوں میں فائرنگ سے کئی فلسطینی زخمی ہوگئے ۔ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے غزہ کی صورتِ حال کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں لوگوں کے پاس کھانے ، پینے کو کچھ نہیں، غزہ میں امداد پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔