اسرائیلی فوج کی حماس کے ٹھکانوں پر بمباری

   

غزہ سٹی : اسرائیلی فوج نے اتوار کو علی الصبح غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ٹھکانوں کو حملے کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی غزہ کی پٹی سے دو فلسطینی راکٹوں کے اسرائیل کی جانب داغے جانے کے جواب میں کی گئی ہے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ ہفتے کی شب غزہ پٹی سے دو راکٹ جنوبی اسرائیل پر داغے گئے۔ فوری طور پر کسی جانی یا مادی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ البتہ ایک راکٹ کے نتیجے میں ساحلی شہر اشدود میں خطرے کے سائرن بجنا شروع ہو گئے۔اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان کے مطابق اسرائیلی فضائی دفاعی نظام مذکورہ دونوں راکٹوں کو فضا میں روک دینے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔بعد ازاں اسرائیلی لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں نے حماس تنظیم کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔واٹس ایپ پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج اس وقت صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے اور فیصلہ کن اقدامات کے لیے تیار رہے گی۔