تل ابیب : اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے جمعے کو کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسرائیل لبنان کے لیے جنگ بندی کی تجاویز پر بات چیت جاری رکھے گا۔بن یامین نیتن یاہو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل جمعرات کو اسرائیل کے وزیرِ خارجہ نے لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے عالمی مطالبے کو مسترد کردیا تھا اور حملوں کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا تھا۔واشنگٹن نے بھی خبردار کیا ہے کہ فریقین کے درمیان مزید کشیدگی دونوں طرف کے شہریوں کے لیے اپنے گھروں کو واپسی مشکل بنا دے گی۔اسرائیل کے لبنان پر فضائی حملے جب کہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا۔لبنان کے سرحدی علاقے شیبا کے میئر محمد سعب نے خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ جمعے کو ایک اسرائیلی حملے میں چار بچوں سمیت ایک خاندان کے نو افراد ہلاک ہوئے۔لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ لبنان میں پیر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 600 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔