4 شہری زخمی‘ جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی جاں بحق
تل ابیب: اسرائیل میں مسلح شخص کی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 4 شہری شدید زخمی ہوگئے جب کہ ایک شہری کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اشدود کے قریب مرکزی ہائی وے پر مسلح پیدل شخص نے پیٹرولنگ پر مامور پولیس گاڑی پر گولیاں برسادیں۔نامعلوم حملہ آور نے آس پاس سے گزرنے والی دیگر گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ اس دوران ایک کارسوار نے حملہ آور پر جوابی فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔اس واقعے میں پولیس اہلکار سمیت مجموعی طور پر 5 افراد شدید زخمی ہو گئے جنھیں قریبی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔دوران علاج پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا جب کہ دیگر 3 کی حالت بھی نازک بتائی جا رہی ہے۔حملہ آور کی نعش کو شناخت کے لیے فارنسک لیب بھیج دیا گیا جو حلیے سے عرب شہری لگتا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری اور فلسطینی نسل کشی کے باعث اسرائیل میں ہی عرب باشندوں کے انفرادی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ان حملوں میں اب تک درجن سے زائد یہودی ہلاک ہوچکے ہیں اور 50 کے قریب زخمی ہیں۔علاوہ ازیں دنیا بھر میں اسرائیلی سفارت خانوں اور اسرائیلی نژاد باشندوں پر بھی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔