اسرائیل کیخلاف جنوبی افریقہ کی تازہ درخواست مسترد

   

دی ہیگ : اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت نے جمعہ کے روز جنوبی افریقہ کی یہ درخواست مسترد کر دی کہ اسرائیل پر مزید قانونی دباؤ ڈالا جائے کہ وہ غزہ کے شہر رفح پر وہ حملہ روک دے جس کی دھمکی دی گئی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے اسرائیل ان احکامات پر عمل درآمد کا پابند ہے جو عدالت پہلے جاری کر چکی ہے۔ پریٹوریا نے پہلے ہی بین الاقوامی عدالت انصاف یا آئی سی جے میں اسرائیل کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ غزہ پر اسرائیل کا حملہ نسل کشی کے کنوینشن کی خلاف ورزی کے مترادف ہے ۔ عدالت کو اصل مسئلے پر ابھی فیصلہ دینا باقی ہے لیکن 26 جنوری کو اس نے اسرائیل کو حکم دیا تھا کہ وہ فلسطینی شہریوں کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے اور انسانی امداد آنے کی اجازت دینے کے لیے اقدامات کو یقینی بنائے۔ جنوبی افریقہ کے عہدیداروں نے منگل کو عدالت سے مزید درخواست کی تھی کہ وہ رفح میں اسرائیل کی ایک نئے حملہ کی تیاریوں کے پیش نظر نئے اقدامات کرنے کا حکم جاری کرے۔