اسرائیل کی بمباری جاری، شمالی غزہ کے تمام ہاسپٹلس غیر کارکرد

,

   

غزہ پر تازہ حملوں میں مزید 60 فلسطینی شہید‘ القسام بریگیڈز کی جوابی کاروائی

غزہ :شمالی غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری اور پابندیوں کی وجہ سے تمام ہاسپٹلس غیر فعال ہوگئے۔عالمی ادارہ صحت نے تصدیق کی ہیکہ شمالی غزہ میں اسرائیلی کی مسلسل بمباری، فیول سپلائی پر پابندی، اسٹاف اور سپلائی نہ ہونے سے تمام ہاسپٹلس غیر کارکرد ہوچکے ہیں۔دوسری جانب فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہیکہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ کے جبالیہ مہاجرین کیمپ میں چیریٹی ایمبولینسز کو مسلسل قبضے میں لے رہی ہیں۔ہلال احمر کے مطابق علاقے میں اسرائیلی فوج کی شدید شیلنگ اور اسنائپرز کی فائرنگ بھی جاری ہے۔ہلال احمر کا کہنا ہیکہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کی شیلنگ کی وجہ سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے باعث میڈیکل ٹیموں کو فوری طور پر رفح کراسنگ کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کو خان یونس کو بھی خالی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔واضح رہیکہ اسرائیل کی غزہ پر جاری جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار تک جا پہنچی ہے جب کہ 52 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔اسرائیلی فوج کے غزہ پر جاری تازہ حملوں میں مزید 60 سے زیادہ فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 20 ہزار ہوگئی ہے جس میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔اسرائیلی فوج کی وردیوں میں انتہا پسند آباد کار فلسطینیوں کو دھمکانے لگے۔دوسری جانب غزہ پٹی میں سرنگ میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا گیا جس میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔علاوہ ازیں القسام بریگیڈز نے 72 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی 41 فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔