اسلامی تعلیمات پر عمل کے ذریعہ ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن

   

بزم رحمت عالم کا جلسہ شب قدر ۔ مولانا نورانی میاں ‘ مولانا تحسین جیلانی و دیگر کا خطاب

حیدرآباد 7 اپریل ( سیاست نیوز ) دنیا اور آخرت میں کامیابی کیلئے من چاہی نہیں بلکہ رب چاہی زندگی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ مسلمان قرآن اور صاحب قرآن سے اپنے رشتہ کو مضبوط کریں۔ موجودہ پرآشوب دور میںاسلام کی رسی کو مضبوطی سے تھاما جائے ۔اسلامی تعلیمات پر عمل کے ذریعہ ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ جب ہم اپنی مرضی سے اس دنیا میں نہیں آئے تو ہم اپنی مرضی سے کیسے زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول ؐ کی اطاعت کے بغیر کامیابی کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا ۔ مسلمان نمازوں کی پابندی کریں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ مولانا نورانی میاں اشرفی الجیلانی کچھوچھ شریف نے بزم رحمت عالم کے مرکزی جلسہ شب قدر سے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ مسلمان ماہ صیام کے آخری ایام کو غنیمت جانیں اور عبادتوں و اذکار میں مصروف ہوجائیں۔ کثرت سے تلاوت قرآن کی جائے ۔ قیمتی ایام کو شاپنگ میں صرف نہ کریں۔ اللہ تبارک و تعالی کا احسان عظیم ہے کہ اس نے ہمیں لیلۃ القدر جیسی رات نصیب فرمائی ۔ لیلۃ القدر میں عبادات پر ہزاروں مہینوں کا ثواب ہے ۔ جلسہ کی صدارت صدر بزم رحمت عالم جناب ایم اے مجیب سینئر ایڈوکیٹ ہائیکورٹ نے کی جبکہ ڈاکٹر حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی نے نگرانی کی ۔ مولانا تحسین جیلانی بریلی شریف نے کہا کہ مسلمان نمازوں کی پابندی کریں۔ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات مسلمانوں کیلئے صبر آزما ہیں۔ مسلمان دنیا اور آخرت میں کامیابی و کامرانی کیلئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔ مولانا تحسین جیلانی نے کاہ کہ اسلامی تعلیمات پر عمل کے ذریعہ ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد حماد رضا یو پی نے کہا کہ ماہ رمضان با برکت ہے ۔ ماہ صیام کے فیضو برکات کے حصول کیلئے مسلمان کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرائی کے ذریعہ ہم تمام محاذوں پر کامیاب ہوسکتے ہیں۔ صدر جلسہ جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالی کا احسان عظیم ہے کہ ہمیں امت محمدیہ میں پیدا فرمایا ۔ انہوں نے کہا کہ شب قدر ہزاروں مہینوں سے افضل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان قریب الختم ہے ۔ مسلمان آخری ایام میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔ غریبوں کی داد رسی کی جائے ۔ شہ نشین پر ڈاکٹر حافظ محمد مظر حسین خان قادری بندہ نوازی ‘ مولانا بلیغ الزماں ‘ حافظ محمد وسیم الدین قادری شمیمی ‘ مولانا سید شاہ نور الحسنین ہاشم پاشاہ قادری اور دیگر موجود تھے ۔